
وفاقی وزیر صنعت و پیدوار حماد اظہر نے کہا کہ قومی اقتصادی کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں چھوٹی صنعتوں اور کاروبار کے لیے امدادی پکیج کا پہلا مرحلہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ‘وزارت صنعت و پیداوار کل ای سی سی میں چھوٹا کاروبار امدادی پیکج کا پہلا مرحلہ پیش کرے گی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ای سی سی اور کابینہ سے منظوری کے بعد لاکھوں چھوٹے کاروبار اور صنعتیں اس پکیج سے مستفید ہو سکیں گی’۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘ریلیف پکیج کے دوسرے مرحلے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی بھی زیرِ غور ہے’۔
اپنے دوسرے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ’اگلے مرحلے میں کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے شعبہ جات کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ریلیف اقدامات بھی کیے جائیں گے’۔