28/04/20 06:18:08 PM

مولانا فضل الرحمان کے اپوزیشن سے رابطے، 18ویں ترمیم کا دفاع کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے 18ویں آئینی ترمیم کا مکمل دفاع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے آج بھی اپوزیشن کے مزید رہنماؤں حاصل بزنجو، پروفیسر ساجد میر اور مولانا اویس نورانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

رابطوں کے بعد مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے 18ویں آئینی ترمیم کا مکمل دفاع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کی حکومتی سازش کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 18ویں ترامیم میں ترمیم کی بجائے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے حقوق کا ہر حال میں دفاع کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے اعلامیے میں کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا 18 ویں ترمیم اور این ایف سی کے تحت صوبوں کے حقوق کے تحفظ پر اتفاق ہو چکا ہے۔