27/04/20 05:49:19 AM

امیونیٹی پاسپورٹ کورونا کی وباء کو پھیلا سکتے ہیں،ڈبلیو ایچ او

نیویارک:عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے حکومتیں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونیوالے افراد کو ایسے سرٹیفکیٹس کا اجرا ء نہ کریں جن میں کہا گیا ہو صحت یاب ہونیوالے شخص کے جسم میں وائرس کیخلاف قوت مدافعت پیدا ہو چکی ہے،عالمی ادارہ صحت کے مطابق مختلف حکومتوں کی جانب سے صحت یاب ہونیوالے افراد کوخطرے سے پاک سرٹیفیکٹس(جنہیںامیونیٹی پاسپورٹ کا نام دیا گیا ہے) جاری کرنے کا مقصد لاک ڈاؤن میں نرمی برتنے کی راہ ہموار کرنا ہے،ڈبلیو ایچ او نے کہاایسے شواہد موجود نہیں ہیں جو اس بات کی غمازی کر سکیں کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کے جسموں میں اینٹی باڈیز تیار ہو چکے ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں ایسے افراد دوبارہ وائرس کا شکار نہیں ہو سکتے،عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے حکومتوں کی جانب سے لیے جانے والے ایسے اقدامات دراصل وائرس کی منتقلی کو بڑھا سکتے ہیں چند حکومتیں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کو کام پر جانے اور سفر کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہیں،ڈبلیو ایچ او نے مختصر نوٹ میں کہا ہے اس بات کے کوئی شواہد نہیں کہ انفیکشن سے صحت یاب ہونے کے بعد جو لوگ اینٹی باڈیز تیار کر چکے ہیں انہیں دوبارہ انفیکشن نہیں ہو گا اور وہ اب اس سے محفوظ ہیں۔